14 نومبر، 2026، 7:24 PM

غاصب اسرائیلی ظلم کی نئی انتہا؛ غزہ میں ڈرون حملوں سے ’’زرد لکیر‘‘ آگے بڑھانے کی کوشش

غاصب اسرائیلی ظلم کی نئی انتہا؛ غزہ میں ڈرون حملوں سے ’’زرد لکیر‘‘ آگے بڑھانے کی کوشش

غاصب اسرائیلی فوج دھماکہ خیز مواد سے بھرے ڈبے لے جانے والے ڈرونز کے ذریعے غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقوں میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنا رہی ہے اور اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں کو وسعت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں الجزیرہ کے نامہ نگار نور خالد نے کہا کہ غاصب اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی، بالخصوص مشرقی علاقوں میں ڈرونز اڑا رہی ہے، جو دھماکہ خیز مواد سے بھرے ڈبے باقی ماندہ عمارتوں کی چھتوں پر گراتے ہیں۔ ان حملوں کا خصوصی نشانہ غزہ شہر کے جنوب مشرق میں واقع الزیتون محلہ ہے۔

اس نامہ نگار کے مطابق، دھماکہ خیز مواد سے بھرے ان ڈبوں کا استعمال اسرائیلی فوج کے لیے مسلسل توپ خانے کی گولہ باری کے مقابلے میں کم خرچ ہے، جبکہ اس سے زیادہ تباہی ہوتی ہے۔

غاصب اسرائیلی فوج پہلی مرتبہ یہ طریقۂ کار استعمال نہیں کر رہی، بلکہ غزہ کی پٹی کے خلاف جنگ کے دوران بھی متعدد مرتبہ اس حربے سے کام لے چکی ہے۔ تاہم، گزشتہ روز کے حملوں کا مقصد ان بے گھر فلسطینیوں کو اپنے رہائشی مقامات چھوڑنے پر مجبور کرنا تھا جو صلاح الدین شاہراہ کے مشرق میں باقی رہ جانے والے واحد علاقے اور غزہ شہر میں اس شاہراہ کے ساتھ آباد ہیں۔

غاصب اسرائیلی فوج اس سے قبل بھی زرد رنگ کے بلاکس آگے بڑھا کر اور نام نہاد ’’زرد لکیر‘‘ کا راستہ تبدیل کرکے شجاعیہ اور التفاح محلوں کے رہائشیوں کو متعدد مرتبہ اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور کر چکی ہے۔ اس اقدام کا مقصد اسرائیلی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں کو وسعت دینا ہے۔

اگر توپ خانے کی گولہ باری اور دھماکہ خیز ڈبے گرانے کا سلسلہ جاری رہا تو صلاح الدین شاہراہ، جو غزہ کی پوری پٹی کی اہم شاہراہوں میں سے ایک ہے، اور اس کے مشرقی علاقے بھی اسرائیل کے کنٹرول میں آ سکتے ہیں۔

ایسی صورتِ حال کے نتیجے میں غزہ کے مزید وسیع علاقے پر قبضہ، اہم راستوں کی بندش، اس خطے کے مختلف حصوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے اور فلسطینی باشندوں کو مغربی علاقوں کی جانب دھکیلنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔ اس نقل مکانی کے باعث مغربی علاقوں میں آبادی کا دباؤ اور بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔

واضح رہے غزہ کی پٹی میں ’’زرد لکیر‘‘ وہ حد بندی ہے جو جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کی تعیناتی اور پسپائی کی حدود متعین کرنے کے لیے مقرر کی گئی تھی، تاہم غاصب صیہونی حکومت نے اس کی پابندی نہیں کی۔

News ID 1942853

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha